کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کیا جارہا ہے۔ حریت کانفرنس


 سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے علاقے کو مکمل طورپر ایک فوجی چھانی میں تبدیل کر کے فورسز کو نہتے کشمیریوں پر مظالم کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں کہا کہ حریت رہنماں کا ایک اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا جس میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ، بے گناہ لوگوں کے جعلی مقابلوں میں قتل ، بلا جواز گرفتاریوں ، املاک کی ضبطی اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں میں شدت لائی ہے ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے غیر قانونی بھارتی تسلط کوچیلنج کرنے کی پاداش میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کی تمام حدیں پار کر لی ہیں ۔اجلاس کے شرکانے غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظربندوں کوطبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ، بھارتی حکومت دانستہ طور پر نظر بندیوں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔

انہوں نے نظربندوں کے عزم
 وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں ۔اجلاس کے شرکانے کہا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن واستحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیںہوسکتا۔اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں  سے محروم کیا جارہا ہے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت کو نہتے کشمیریوں پر مظالم ، بلا جواز گرفتاریوں اور جائیدادوں کی ضبطی سے روکیں۔