اٹک(صباح نیوز) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اٹک انیل سعید نے کہا ہے کہ زراعت ہماری ملک کی معیشت کا سب سے اہم جزو ہے۔تمام فیلڈ افسران کسانوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔اے ڈی سی جی نے تمام متعلقہ افسران کو ان سکیموں کی فوری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زراعت کی ضلعی مشاورتی کمیٹی اٹک کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اٹک انیل سعید نے اجلاس کی صدار ت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اٹک اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (توسیع) کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع میں کسان پیکیج کے تحت جاری سکیموں کا جائزہ لیا گیااور ان پر عمل درآمد کی رفتار کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (توسیع) نے اپنی اپنی تحصیلوں میں جاری کاموں پر بریفنگ دی اور ان کی موجودہ پوزیشن کے بارے میں بتایا گیا۔ اے ڈی سی جی نے تمام متعلقہ افسران کو ان سکیموں کی فوری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے وافر مقدار میں فنڈز فراہم کررہی ہے اور کسانوں کی سہولت کے لئے انہیں مالی معاونت کے علاوہ ہر قسم کی فنی معاونت بھی فراہم کررہی ہے تاکہ کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جاسکے اور ملک کو خوراک کے معاملے میں خود کفیل بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری ملک کی معیشت کا سب سے اہم جزو ہے اور اس کی ترقی سے ہی ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم اس شعبہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ملک خوشحال ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ افسران کسانوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔