اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسرسے ملاقات کی ہے ، ملاقات کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کو فارم ب کے اجرا اور نادرا سے متعلق دیگر اہم سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین نادرا نے سینیٹر روبینہ خالد کو بی آئی ایس پی مستحق خواتین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل یقین دہانی کرائی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین نادار کو آگاہ کیا کہ مغربی افریقی ممالک کا اعلیٰ سطح کے وفد 11سے 14 نومبر تک بی آئی ایس پی کے مطالعاتی دورے پر ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین نادرا کو وفد کے اعزاز میں 14 نومبر کو منعقد کی جانے والی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو بھی کیا۔