اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پاکستان کی دستکاری کی صنعت کے فروغ اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے بی آئی ایس پی کی ہنرمند خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا ہے ۔
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کو الفا مال کی افتتاحی تقریب میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کیا گیا تھا جو کہ فیشن انڈسٹری میں انقلاب برپا کرنے والا ڈیجیٹل ٹریڈنگ پلیٹ فارم ہے۔ اس تقریب میں فیشن کی دنیا کی بااثر شخصیات، مارکیٹنگ کے پیشہ ور افراد، سرکاری حکام اور کارپوریٹ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اپنی تقریر کے دوران چیئرپرسن روبینہ خالد نے روایتی دستکاریوں اور فنون کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے ان لازوال مصنوعات کو جدید فیشن کی دنیا میں ضم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جس سے بی آئی ایس پی کی ہنرمند خواتین کو جدید معیشت سے منسلک کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہنرمند آرٹ اور دستکاری کی مصنوعات پاکستان کی ثقافتی اور روایتی تاریخ کا ثبوت ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ ہم ان خزانوں کو زندہ کریں، محفوظ کریں اور پروجیکٹ کریں، جدید فیشن کی دنیا میں متعارف کرائیں، ہمیں اسے اپنے کم مراعات یافتہ کاریگروں اور بی آئی ایس پی کی ہنر مند خواتین کی ترقی کے لیے ایک موقع کے طور پر لینا چاہیے۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے پاکستانی برانڈز اور فیشن آئیکنز پر زور دیا کہ وہ بی آئی ایس پی مستحقین کی مدد کرتے ہوئے اپنے ڈیزائن میں روایتی فنون اور دستکاری کو شامل کریں۔ تقریب کے منتظمین نے دیہی سندھ سے تعلق رکھنے والی ہنرمند خواتین کی متاثر کن کامیابی کی کہانیاں شیئر کیں، جن میں صائمہ اور نوشابہ کی کہانیاں شامل تھیں جنہوں نے اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے فن اور دستکاری کا استعمال کیا۔الفا مال، الفلاح بینک کا ایک پراجیکٹ ہے جو “ابھی خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں” کا تصور پیش کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ہنرمند خواتین کو ڈیجیٹل ٹریڈنگ کے مواقع فراہم کرتا ہے
اور مصنوعات کی نمائش اور مارکیٹنگ کے ذریعے جدید معیشت سے منسلک کرکے بااختیار بناتا ہے۔بی آئی ایس پی اور الفا مال کے درمیان شراکت داری پاکستان بھر کے مستحق کاریگروں کو اس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی جس سے انہیں ترقی ملے گی اور یہ غربت کے دلدل سے باہر نکل سکیں گے۔یہ تعاون بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ہنرمند خواتین کو جدید معیشت میں پھلنے پھولنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس تقریب میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ہنرمند مصنوعات کے اسٹالز کی نمائش کی گئی.