ڈی ایف پی کابھارتی جیلوں میں قید تمام کشمیریوں کی رہائی کے لیے عالمی مداخلت کا مطالبہ


 سری نگر: جموں وکشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے تنظیم کے سربراہ شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماؤں کی طویل اور غیر قانونی  قید  پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی جیلوں میںبندتمام کشمیریوں کی رہائی کے لیے عالمی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نامساعد موسم ، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور اپنے گھروں سے دور بھارتی جیلوں میںبندسینکڑوں کشمیریوں کو درپیش سنگین صورتحال کو اجاگرکیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری قیدیوں  کو پینے کے صاف پانی، صحت بخش خوراک اور مناسب طبی دیکھ بھال جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیا ہے جس سے انہیں صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ارشد اقبال نے کہاکہ بہت سے نظربند بے چینی، ڈپریشن اورذہنی تنائو سمیت صحت کے مختلف مسائل سے دوچار ہیں جو سورج کی روشنی، مناسب غذائیت اور علاج ومعالجے کے فقدان کی وجہ سے سنگین رخ اختیارکررہے ہیں۔ڈی ایف پی نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیری  قیدیوں کو خاص طور پر تہاڑ جیل میں جہاں نظربندوں کو ان کے اہل خانہ سے ہزاروں کلومیٹر دور رکھا جارہا ہے، درپیش صورتحال کی تحقیقات کریں ۔

ترجمان نے کہاکہ انسانی حقوق کے اداروں کو موثر کارروائی کرنی چاہیے اور موقع پر جاکرجائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم و ستم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے خطے میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔