غزہ میں جاری قتلِ عام ہمیں ہلا کر رکھنے کیلئے کافی ہے،ملالہ یوسف زئی


 واشنگٹن(صباح نیوز) انسانی حقوق کی علم بردار اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہاہے کہ غزہ میں جاری قتلِ عام ہمیں ہلا کر رکھنے کیلئے کافی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انسانی حقوق کی علم بردار نے برطانوی نشریاتی ادارے  کا مضمون شیئر کرتے ہوئے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

مذکورہ مضمون کے مطابق اب تک غزہ میں اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے والی آبادی میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔انہوں نے مذکورہ مضمون سے امدادی تنظیم نارویجن ریفیوجی کونسل کے سیکرٹری جنرل جان ایجلینڈ کے الفاظ سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔

ملالہ یوسفزئی نے لکھا ہے کہ غزہ میں محصور آبادی پر کتنی بم باری ہو رہی ہے آپ اندازہ نہیں لگا سکتے، اس سمجھ سے بالاتر جنگ کی قیمت بچے اور عورتیں ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اپنے ردِعمل کا اظہارکرتے ہوئے لکھا ہے کہ غزہ میں ہونے والے قتلِ عام کے بڑھتے ہوئے ثبوت ہم سب کو ہلا کے رکھنے کے لیے کافی ہیں۔