ملتان ،فیصل آباد(صباح نیوز) شدید دھند کی وجہ سے ملک کے کئی ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ ملتان ایئرپورٹ پر 2 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، مجموعی طور پر ملک بھر کی 36 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ سے ملتان کی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں ایس وی 800 اور 801 کو منسوخ کر دیا گیا ۔دبئی سے ملتان کی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 811 کو کراچی اتارا گا جبکہ کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 330 کو لاہور لینڈ کرایا گیا۔ شارجہ سے فیصل آباد کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز جی 9562 لاہور ایئر پورٹ پر اتاری گئی۔ملتان سے دبئی کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایف زیڈ 326 پونے 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ فیصل آباد سے شارجہ کی پرواز ایف زیڈ 392 میں 3 گھنٹے تاخیر کا شکارہوئی
۔کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 میں 3 گھنٹے سے زائد کی تاخیر کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 301 3 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو گی۔کراچی سے فیصل آباد کی پرواز پی کے 340 کی روانگی میں بھی تاخیر کر دی گئی اور جدہ، استنبول اور کولمبو کی کراچی کی 10 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔اسلام آباد سے کوئٹہ کی پروازیں پی کے 325 اور 326 چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوں گی جبکہ اسلام آباد سے نجف، جدہ، بحرین، شارجہ، کوالالمپور اور دبئی کی پروازوں میں بھی تاخیر کی گئی۔