ولادیمیر پوتن کا انتہا پسندی سے نمٹنے اور شہریوں کو پرتشدد کارروائیوں سے بچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ


اسلام آباد(صباح نیوز)روسی صدر ولادیمیر پوتن نے انتہا پسندی سے نمٹنے اور شہریوں کو پرتشدد کارروائیوں سے بچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے ماسکو کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوتن نے خط کے زریعہ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر تباہ کن دہشت گردانہ حملے کے بعد تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ولادیمیر پوتن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ روس کے عزم کااظہار کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں امریکی مشن نے بھی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گرانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی واقعہ پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔جبکہ ترکی کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔