برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ کارروائیاں تقسیم کے بیج بونے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔

ایکس پر اپنے جاری بیان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں آج ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پربہت دکھ ہواہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میری ہمدردیاں دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ، برطانیہ دہشت گردی کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، یہ کارروائیاں تقسیم کے بیج بونے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکہ کے نتیجہ میں 27افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے میں ریلوے پولیس کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں ہیڈ کانسٹیبل غلام رسول جمالی اور ہیڈ کانسٹیبل بھورل خان  شامل ہیں۔