وزیراعظم سے انفارمیشن گروپ کے پروبیشنری افسران کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے پروبیشنری افسران کی ملاقات ہوئی ہے ۔ہفتہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

وزیر اعظم نے افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے۔وزیر اعظم نے دور حاضر کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے میڈیا کے منظر نامے میں موثر ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کے لئے مضبوط عزم کے ساتھ ادا کریں گے۔

افسران نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کیا۔افسران کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور شہریوں کو اہم حکومتی اقدامات کے بارے میں تعلیم دینے میں سٹیٹ میڈیا اور انفارمیشن گروپ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پروبیشنری افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے جدید مواصلاتی آلات کو بروئے کار لانے کے لیے سرگرم رہیں۔