لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ،علامہ اقبال نے مسلمانوں کے اندر خودداری، خودمختاری اور جذبہ آزادی کو بیدار کیا،علامہ اقبال کی فکر اور دو قومی نظریہ پر عمل کرکے بادشاہی ملے گی ورنہ ملتِ اسلامیہ رسوائی کا شکار ہوگی۔
اقبال ڈے کی مناسبت سے منعقدہ نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصورِ پاکستان علامہ اقبال دو قومی نظریہ کے عظیم داعی تھے، تحریکِ آزادی کی جدوجہد میں علامہ اقبال رحمہ اللہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو خودی اور آزادی کا ولولہِ تازہ دیا،علامہ اقبال کشمیر و فلسطین پر غیرت مند و جرات مندانہ موقف رکھتے تھے. ، ارضِ فلسطین پر یہودیوں کا کوئی حق نہیں، یہودیوں نے تو رضاکارانہ طور پر عربوں کی آمد سے بہت پہلے فلسطین کو خیرباد کہہ دیا تھا، فلسطین انگلستان کی جائیداد یا ذاتی جاگیر نہیں،علامہ اقبال نے مسلمانوں کے اندر خودداری، خودمختاری اور جذبہ آزادی کو بیدار کیا،علامہ اقبال کی فکر اور دو قومی نظریہ پر عمل کرکے بادشاہی ملے گی ورنہ ملتِ اسلامیہ رسوائی کا شکار ہوگی ،علامہ اقبال حقیقی جمہوریت، آئین و قانون کی عملداری اور انصاف کی بالادستی کے علمبردار تھے ۔
لیاقت بلوچ نے حکومت کی جانب سے سیاسی احتجاج پر پابندیوں کے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ حکومت کی نااہلی، ناکامی اور پارلیمنٹ کے ربڑ سٹمپ بننے پر اپوزیشن کو احتجاج کا آئینی، جمہوری، سیاسی حق حاصل ہے ،سیاسی اجتماعات، احتجاج پر حکومتی پابندیاں غیرجمہوری، آمرانہ اور حکومتی اختیارات کے ناجائز استعمال کی عکاس ہیں،پرامن احتجاج جمہوریت کی طاقت، پرتشدد احتجاج غیرجمہوری قوتوں کی اندھی طاقت بن جاتا ہے ،حکومت عوام سے پرامن احتجاج کا حق نہ چھینے ،کوئٹہ میں پی ٹی آئی جلسہ پر بندش اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کا اساتذہ کے احتجاج پر بندش برابری کا منظر ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت بجلی پر جو معمولی ریلیف دے رہی ہے، اس سے زراعت، صنعت، تجارت کی زبوں حالی اور بڑھتے ہوئے پیداواری لاگت پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا ،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور قومی خزانہ میں بھیک کی رقم ڈالنے کی بجائے قومی آمدن میں اضافہ کے لئے بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں کو اس سطح پرلانا ہوگا جس سے معیشت گروتھ اور ٹیک آف کی سطح پر آئے ،وزیراعظم شہباز شریف نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز)کی لوٹ مار مکمل طور پر ختم کرائیں اور بجلی قیمتوں میں کمی خاطرخواہ کمی کرکے اس کا براہِ راست ریلیف فی یونٹ کے حساب سے عوام کو منتقل کرائیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں حصص کے کاروبار میں تیزی سے ملکی معیشت یا عام آدمی کی زندگی پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑتا،یہ مصنوعی اتار چڑھا ئومافیاز کے ہاتھ کا کھیل ہوتا ہے ،حقیقی معاشی ترقی کا انحصار ان معاشی اشاریوں پر ہوتا ہے جن سے ملک میں معاشی سرگرمی، کاروبار کو اس طرح فروغ ملے کہ عام آدمی کو فائدہ ہو،مہنگی بجلی، گیس، تیل اور لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط ہو تو معاشی ترقی کی باتیں دیوانے کی بڑھکیں ہی ہیں۔لیاقت بلوچ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں شاندار پرفارمنس اور جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار پلیئرز کیساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے جان دار کھیل پیش کیا،شاندار کارکردگی اور جیت پر کپتان محمد رضوان اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھی مبارکبادپیش کرتے ہیں ،بھارت کا چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان آنے سے انکار نے ثابت کردیا کہ بھارت صرف نہتے کشمیریوں، انسانوں کا ہی نہیں بلکہ کھیل کا بھی قاتل ہے ،پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کو ناکام بنانے کے بھارتی سازشی حربوں کا پاکستان کو مضبوطی کیساتھ مقابلہ کرنا ہوگا۔