کیلیفورنیا(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ جو سلیکون ویلی کے سرکاری دورے پر ہیں، نے کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔ انہیں فرینڈز آف پاکستان (ایف او پی) کی جانب سے مدعو کیا گیا تھا جو کہ جنوبی کیلیفورنیا میں واقع ایک کمیونٹی تنظیم ہے اور جس کے امریکی مغربی ساحل تک متعدد باب ہیں۔ کمیونٹی نے روابط کے حوالے سے سفارتخانہ اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔دوران ملاقات سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سفارت خانے کی جانب سے سہولت کاری کی پیشکش کی ۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد کمیونٹی پر زور دیا کی وہ انسانی وسائل اور سروس انڈسٹری میں پاکستان کی معیاری برتری اور لاگت کی مسابقت کو برے کار لانے کے لئے مواقع تلاش کریں۔ سفیر پاکستان نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک میں اپنی موجودگی اور مقام سے فائدہ اٹھائیں ۔ ادھر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا یونیورسٹی برکلے کے شعبہ ایتھنک سٹڈیز میں پاکستان امریکہ تعلقات میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کے موضوع پر گفتگو کی۔ تقریب میں فیکلٹی اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں پاک امریکہ تعلقات خصوصا ان دوطرفہ تعلقات میں پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے حالیہ سالوں میں پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ہونے والی اہم پیش رفتوں کو اجاگر کیا اور اس حوالے سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری، اعلی تعلیم، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی استحکام میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کیا۔ انہو ں نے تاریخی تناظر میں اس دوطرفہ تعلقات کی تزویراتی نوعیت اور امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار خصوصا کمیونٹی کی امریکی اداروں، پالیسی سازوں، میڈیا اور کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ فعال مشغولیت کو اجاگر کیا ۔سفیر پاکستان نے عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور تعلیمی، اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار پر بھی زور دیا جو کہ ایک پل کی مانند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کمیونٹی جو کہ دونوں ممالک میں اپنا مستحکم مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے منفرد کردار کی حامل ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، صحت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی اہم شراکت اور پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے میں کمیونٹی کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی پل کے طور پر پاکستان کے تاریخی کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دونوں ممالک کے درمیان اب ایک اقتصادی پل کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے جس سے ان دو بڑی معیشتوں کے درمیان گہرے روابط کو فروغ ملے گا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان گہرے افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط سفارت خانے کی جاری کوششوں کا ایک اہم جز ہے۔
یہ کوششیں ثقافتی، تعلیمی اور سیاسی شعبوں میں لوگوں کو قریب لانے میں کمیونٹی کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہیں دریں اثناامریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے سان فرانسسکو چیمبر آف کامرس کے اہم عہدیداروں کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات کی جس میں پاکستان اور سان فرانسسکو بے ایریا کے درمیان کاروباری و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل بھی اجلاس میں شریک تھے ۔ملاقات میں خطے میں موجودہ پاکستانی کاروباروں کی حمایت اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر غور کیا گیا ۔ دونوں فریقین نے باہمی ترقی کے لئے کاروبار کی توسیع، سرمایہ کاری اور اختراع کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور سان فرانسسکو کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے خاص طور پر ٹیکنالوجی، آئی ٹی سروسز اور تجارت کے شعبوں میں امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں خطوں کو آپس میں جوڑنے اور اقتصادی روابط اور تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کے حوالے سے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار پر زور دیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان سان فرانسسکو بے ایریا کو جدت اور صنعت کاری کے شعبوں میں ایک اہم پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت دو طرفہ تعاون کے فروغ وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے مواقع تلاش کرنے کا خواہشمند ہے جو امریکی ہم منصبوں کے ساتھ اس کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کریں ۔دونوں فریقین نے بے ایریا میں پاکستانی کاروبار وں کو مزید اجاگر کرنے اور دونوں خطوں کے کاروباری رہنماں کے درمیان بہتر روابط و تعلقات کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
چیمبر کی قیادت نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے چیمبر کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے نتیجہ خیز روابط جاری رکھنے اور مستقبل میں مضبوط اور پائیدار کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کی جانب اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا