اسلام آباد (صباح نیوز)نیپرا نے بجلی کی قیمت میں تین روپے 10پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، اضافہ کا اطلاق فرور ی کے بلز پر ہو گا۔
چند روز قبل نیپرا نے دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی تھی اور اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ نیپرانے مہنگائی میں پسے عوام پر ایک بجلی بم گراتے ہوئے بجلی کی قیمت میں تین روپے10پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے۔ اضافہ شدہ قیمت فروری کے بلوں میں عوام سے وصول کی جائے گی۔
فیصلہ کا اطلاق50یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔ فیصلے سے صارفین پر30ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ جبکہ نیپرا کے فیصلے میں ممبر سندھ رفیق شیخ نے اپنا اختلافی نوٹ بھی لکھاہے۔
رفیق شیخ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا ہے کہ دسمبر میں ایل این جی کی عدم دستیابی سے دو تقریباً دو ارب روپے کااضافی بوجھ پڑا ہے ، بہتر منصوبہ بندی کے ذریعہ ایل این جی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا تھاتاکہ اضافی بوجھ نہ پڑتا۔
رفیق شیخ نے لکھا کہ ایل این جی کی جو بدانتظامی ہے جس کے باعث ایل این جی نہیں آئی ہے ، اس بدانتظامی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جاسکتا۔ رفیق شیخ نے یہ بھی لکھا ہے کہ جو نیپراکی توثیق کے بغیر چلنے والے پلانٹس ہیں ان سے بجلی کی خریداری پر انہیں شدیدتحفطات ہیں ۔