اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ محمد یاسین ملک و نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں خراب حالات اور ناکافی طبی امداد کے خلاف بطور احتجاج بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ فرضی مقدمات میں پھنسائے جانے کے بعد محمد یاسین ملک گزشتہ کئی سالوں سے جیل میں بند ہیں اور انہیں سزائے موت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محمد یاسین ملک کو معیاری طبی امداد فراہم کی جائے اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔