اسلام آباد(صباح نیوز)قائمقام چیئرمین سینٹ سیدال خان سے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف عمائدین اور طلبہ کے وفد نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائمقام چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف انتہائی سرگرم عمل ہیں یہی وجہ ہے کہ نہ صرف ملک میں مختلف اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے بلکہ روزگار اور تجارت کو فروغ بھی دیکھنے میں آیا ہے
انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مثر قانون سازی عمل میں لائی جا رہی ہے ملک کی بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ موجودہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ بہتر قانون سازی سے نہ صرف عوام کو انصاف کی فراہمی میسر ہوگی بلکہ ملک ترقی کی جانب گامزن بھی ہو جائے گا