سعودی عرب اور قطر کے دورے اور ملاقاتیں انتہائی مفید اور تعمیری رہیں، دونوں ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں،محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب اور قطر کے دوروں اور ملاقاتوں کو انتہائی مفید اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، پاکستانی وفد جلد سعودی عرب جائے گا، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے حکام رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی عرب میں لاکھوں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

و وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو اپنے سعودی عرب اور قطر کے دورہ کے حوالہ سے اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حال ہی میں سعودی عرب اور قطر کے دورہ سے واپس لوٹے ہیں، سعودی عرب میں انہوں نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے فورم سے خطاب کیا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم شخصیات اور رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے ایک بار پھر پاکستان کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے ان سے مفید بات چیت ہوئی، سعودی ولی عہد سے عشائیہ پر بھی ملاقات ہوئی،

اگلے روز انہوں نے اپنی ٹیم بھی بھجوائی، سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے وزیر اور پاکستان کیلئے رائل کورٹ کے خصوصی نمائندہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں جس میں سولر، مائنز اور منرلز، زراعت اور باہمی شراکت کے دیگر شعبوں کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر سعودی حکام کی بھی پریس کانفرنس بھی ہوئی جو بہت مفید تھی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ان ملاقاتوں اور دورہ کے نتیجہ میں پاکستان کا وفد بہت جلد سعودی عرب روانہ ہو گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کے بعد انہوں نے قطر کا دورہ بھی کیا، یہ دورہ بھی سعودی عرب کی طرح نہایت مفید اور تعمیری تھا، قطر کے امیر کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔ امیر قطر کی ہمشیرہ کی طرف سے پاکستان کی تاریخ کے حوالہ سے ایک بہترین نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں امیر قطر نے خود شرکت کی، انہوں نے ہمارے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ امیر قطر نے ماضی میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حوالہ سے جو وعدہ کیا تھا اس پر تیزی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور ان کی ٹیم جلد پاکستان کے دورہ پر آئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں لاکھوں ہنرمندوں کی ضرورت ہے، سعودی ولی عہد نے پاکستان سے ہنرمند افرادی قوت بھجوانے کا کہا ہے، اسی طرح امیر قطر نے پاکستان میں آئی ٹی پارک لگانے کا عندیہ دیا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب اور قطر کے دورے اور ملاقاتیں انتہائی مفید اور تعمیری رہیں، پاکستان کا وفد ایک دو روز میں سعودی عرب جائے گا، آذربائیجان کے صدر نے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کی تھی، ان کی طرف سے بھی پیغام آیا ہے کہ وہ ہمارے منتظر ہیں، جلد اس حوالہ سے میں اجلاس بلاوں گا۔