رملہ (صباح نیوز)اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے دفتر کو بلڈوزرز کی مدد سے تباہ کردیا۔ العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(یو این آر ڈبلیو اے)کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزرز نے مغربی کنارے کے نور شمس کیمپ میں ایجنسی کے دفتر کو بلڈوزرز کی مدد سے نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ دفتر کو شدید نقصان پہنچا ہے اور یہ اب استعمال کے قابل نہیں رہا۔ دوسری جانب اسرائیل نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ واضح رہے کہ پیر کو اسرائیل نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)کے اسرائیل کے اندر اور مقبوضہ بیت المقدس میں سرگرمیوں پر پابندی کا ایک بل پاس کیا تھا۔ جس پر عالمی سطح پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔