لندن (صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سوشل میڈیا پر کمزور ہے، آپ کے دل نواز شریف کے ساتھ ہیں تو دماغ بھی چلائیں، سول نافرمانی کی تحریک کا کچھ فرق نہیں پڑے گا، تمام لوگ اپنے بل معمول کے مطابق ادا کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں ایک تقریب کے دوران اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ آج اوورسیز پاکستانی اپنے قائد نوازشریف اور قائد اعظم کا یوم پیدائش منانے جمع ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ ن سوشل میڈیا پر کمزور ہے، عوام کی ایک بڑی تعداد بد دیانت آدمی کو ایماندار سمجھتی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے پروپیگنڈا کو سوشل میڈیا پر کانٹر کیا ہی نہیں، اگر آپ کے دل نوازشریف کے ساتھ ہیں تو ساتھ دماغ بھی چلائیں۔ نوازشریف کو پاناما کے جعلی مقدمے میں سزا دینا گھنانا مذاق تھا، بانی پی ٹی آئی نے ہر لحاظ سے پاکستانی سیاست کو گندہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی باتیں سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں شہباز شریف آتے تھے تو بانی پی ٹی آئی ان کی طرف پشت کرکے بیٹھ جاتے تھے، مذاکرات میں خلوص تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔31دسمبر زیادہ دور نہیں، اب آپ کو زرمبادلہ میں اضافہ واضح نظر آئے گا، پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک کا کچھ فرق نہیں پڑے گا، تمام لوگ اپنے بل معمول کے مطابق ادا کریں گے۔