عوام کو متحد ہو کر مسلط حکمرانوں کو اٹھا کر باہر پھینکنا ہو گا ،میاں محمد اسلم

اسلام آباد(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ گردن تک کرپشن میں ڈوبی ہوئی حکمران اشرافیہ وسائل پر قابض ہے اور یہ لوگ ٹیکس بھی نہیں دیتے، انہوں نے مل کر قومی اداروں کو تباہ کیا، عوام پر آئی پی پیز اور مہنگائی کا عذاب مسلط کیا، عوام کو متحد ہو کر مسلط حکمرانوں کو اٹھا کر باہر پھینکنا ہو گا، بلوں کے بائیکاٹ کے لیے ریفرنڈم کرائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف مزاحمت کرے گی، چوکوں، چوراہوں میں کرپٹ حکمرانوں کو ایکسپوز کریں گے، عوامی بیداری اور انہیں منظم کرنے کے لئے ”حق دو تحریک” برپا کی ہے، پاکستانی قوم مایوس نہ ہو، آپ مایوس ہو کر بیٹھ جائیں گے تو حکمرانوں کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی مل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترنول بازار کے دورے کے موقع پر تاجروں اور شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا نوجوان جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں اور ملک میں انقلاب اور حقیقی تبدیلی کے لیے اجتماعی جدو جہد کریں تاکہ ظالم اشرفیہ کو قوم کا استحصال کر نے کا موقع نہ مل سکے ،ہم  حکمرانوں سے سوال پوچھتے ہیں کہ منافع بخش قومی اداروں کو تباہ کس نے کیا؟ اب تباہ شدہ اداروں کی بولی لگا رہے ہیں اور کوئی خریدار بھی میسر نہیں ۔

انہوں نے کہا ہمیںمل کر اس طبقے سے جان چھڑانی ہے جو بیوروکریسی اور جاگیر داروں کی صورت میں وسائل پر مسلط ہے، یہ لوگ ٹیکس بھی نہیں دیتے، یہ آئی پی پیز، شوگر، ادویات، آٹا، گندم مافیا کی شکل اختیار کر چکے ہیں ہرحکمران پارٹی میں موجود اور نظام میں سرایت کر چکے ہیں۔