یوم یک جہتی کشمیر کی مناسبت سے وزارت خارجہ میں آرٹ نمائش کا انعقاد


اسلام آباد(صباح نیوز)یوم یک جہتی کشمیر کی مناسبت سے سرگرمیوں کے تسلسل میں کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کی جراتمندانہ جدوجہد کے اعتراف اور غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے وزارت امور خارجہ میں  گذشتہ روزآرٹ نمائش کا اہتمام کیاگیا۔

نیشنل کالج آف آرٹس کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور ویمن یونیورسٹی راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے نوجوان تخلیق کاروں نے نمائش میں حصہ لیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

پارلیمانی سیکریٹری خارجہ امور محترمہ عندلیب عباس، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار آفریدی نے تقریب سے خصوصی خطاب کیا۔ سفارتکاروں، کشمیریوں، سابق سفیروں، سول سوسائیٹی، ماہرین تعلیم اور مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے تخلیق کاروں کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔

پارلیمانی سیکریٹری خارجہ امور اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین نے اپنے خطاب میں غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے میں تخلیق کاروں اور فنکاروں کے اہم کردار پر زور دیا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں کئے گئے وعدوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ استصواب رائے کا حق دیا جائے۔

وزیر خارجہ نے اپنے کلیدی خطاب میں کشمیریوں کی پرامن تحریک مزاحمت کو فنون لطیفہ کی قوت سے اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کو بند کرنے، غیرجانبدار مبصرین کو آنے کی اجازت دینے سے انکار اور غلط اطلاعات پھیلا کر پراپگنڈہ کرنے کے باوجود کشمیریوں کوخاموش نہیں کرایاجاسکا اور نہ ہی قابض بھارتی افواج انہیں محکوم بناسکی ہیں۔ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم و جبراوراستبداد امن اورمسلمان دشمنی انتہاپسند آر۔ایس۔ایس،بی۔جے۔پی کے ہندتوا ایجنڈے کے مظاہر ہیں۔ مسلسل جاری بھارتی جبرواستبداد نے اپنی منصفانہ جدوجہد کے لئے کھڑے رہنے کے کشمیریوں کے پختہ عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے اجاگر کیا کہ لوگوں نے جب فنون لطیفہ اور موسیقی کے ذریعے حقیقت کو سامنے لانا شروع کیا تو اس سے نمایاں فرق پڑا اور غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں یہ عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پرعالمی قانونی جواز کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے حل پر زور دیا۔

سیکریٹری خارجہ نے یوم یک جہتی کشمیر کی مناسبت سے یادگاری نشان تقریب کے مقررین کو پیش کیا۔ یوم یک جہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیری گلوکار زوہیب زمان نے نغمہ میرے کشمیر پیش کیا۔