ریاض (صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر قتل و غارت گری روکنے اور امن قائم ہونے تک دنیا میں خوشحالی قائم نہیں ہوسکتی۔کوئی بھی ملک دوسرے کی مدد کے بغیر مستقبل کو بہتر نہیں بنا سکتا، سعودی عرب سمیت عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی کا عمل آگے بڑھائیں گے، خوشحالی کی مشترکہ منزل کے لیے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔سعودی عرب اور پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں،
ریاض میںسعودی عرب میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میںخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد کومبارکباد پیش کرتا ہوں، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہدمحمد بن سلمان کا ترقی سے متعلق وژن قابل ستائش ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سعودی عرب اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا، ہم مل کرہی ترقی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں، عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی کثیر تعداد سے مالا مال ہے جو روشن مستقبل کی نوید ہیں، نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے، ہم نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے حصول کو دیکھتے ہوئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو اعلی تعلیم، ٹیکنالوجی فراہم کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے صنعتوں، معیشت اور معاشرے میں انقلاب برپاکردیا ہے، پاکستان نہ صرف مصنوعی ذہانت کو اپنا رہا ہے بلکہ ہم اس میں مہارت حاصل کرنے کے حوالے سے کام کررہے ہیں اور نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کررہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال غلط علومات کے خلاف جنگ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی اصلاحات اور ہنرمندافرادی قوت کی ترقی پر کام کرکے ٹیکنالوجی سے لیس نسل کو پروان چڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دانش اسکولز منصوبے کے ذریعے وسائل سے محروم طلبہ کو معیاری تعلیم دے رہے ہیں، یہ منصوبہ ایک کامیاب پروگرام ہے، تعلیم کے ذریعے ہی انسان اور اقوام ترقی کرسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحت انسانی ترقی کی بنیاد ہے، پاکستانی نوجوان صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے جدید مسائل کو حل کررہے ہیں، صحت کے شعبے میں بھی پاکستانی اداروں کی نمایاں خدمات ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک آج کے دور میں مسائل کا انفرادی طور پر مقابلہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی کوئی ملک کسی دوسرے ملک کی مدد کے بغیر ترقی حاصل نہیں کرسکتا، خوشحالی کی مشترکہ منزل کے لیے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔
مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں امن کیلیے غزہ میں قتل وغارت روکنا ہوگی، جس نے دنیاوی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پر قتل و غاری گری اور امن قائم کرنے کے بغیر دنیا میں خوشحالی کا حصول ممکن نہیں ہوسکتا، غزہ میں جنگ بندی اور امن کے بغیر دنیا ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتی۔سعودی عرب کے دورے پر موجود وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں تقریر کے دوران فلسطین اور غزہ کے نہتے شہریوں کے حق میں آواز بلند کی، جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب میں تقریرکے دوران غزہ اور فلسطین میں ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کی آواز بن گئے،ریاض میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے خطے اور عالمی ترقی کے لیے غزہ اور فلسطین میں ظلم و ستم کے خاتمے کو لازمی قرار دے دیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا،اس سے قبل دوست ممالک سے روابط مزید مضبوط بنانے کا مشن لیے وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر منگل کو سعودی عرب پہنچے تھے۔سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی سفیر اور سعودی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔