راولپنڈی (صباح نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع نے ملاقات کی ،ملاقات میں دوطرفہ مختلف سیکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع نے جنرل ہیڈکوارٹر(جی ایچ کیو) کے دورے پر آرمی چیف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ مختلف سیکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔