ریاض(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ریاض پہنچنے پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور پاکستان و سعودی عرب کے اعلی سفارتی افسران و اہلکار بھی ریاض ہوائی اڈے پر موجود تھے۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم، ریاض میں 29 تا 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو(ایف آئی آئی) میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی دورہ پر وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، دریں اثناء منگل کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوط اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کے ذریعے پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کروں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 8 ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کے لیے خوبصورت شہر ریاض پہنچا ہوں، سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے سیاسی، کاروباری اور کارپوریٹ اداروں کے رہنمائوں کے اس متاثر کن اجتماع میں شرکت کا منتظر ہوں۔انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوط اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کے ذریعے پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کروں گا