ٹیکساس(صباح نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کی ایف ایم سی کارسویل جیل کے سامنے جہاں ڈاکٹر عافیہ صدیقی قید ہیں ، سول سوسائٹی کے ارکان نے پرامن احتجاج کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر سول سوسائٹی کے رہنما امام ناصر ہیرانی، یعقوب ایرا، فرحین صدیقی و دیگرنے خطاب کیا۔ عافیہ موومنٹ پاکستان سے جاری تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور قیدیوں پر جسمانی، ذہنی اور جنسی تشدد کے حوالے سے بدنام اس امریکی جیل کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔مقررین اس بات پر افسوس کا اظہار کر رہے تھے کہ دنیا میں مسلمان کی بہت بڑی تعداد موجود ہونے کے باوجود عملی طور پر اسلام کا وجود بہت ہی کم نظر آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے شاید ہی کوئی سنجیدہ کوشش کر رہے ہیں۔ وہ 21 سال سے جیل میں کیوں ہیں؟۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اسلام کے ناطے ہماری بہن ہیں مگر کتنے مسلمان ان کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے معافی(clemency) کی مہم شروع کر دی گئی ہے جس میں تمام امن پسند لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے امریکی انتظامیہ سے بات کرنے کے لیے ایک وفد امریکا بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے تمام امن پسند لوگوں پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی سزا کے خاتمہ اور رہائی کے لیے خطوط امریکی صدر کو بھیجیں۔