راولپنڈی(صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو لیڈرشپ اور پارٹی کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کا پیغام بھیج دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے درمیان صلح کروادی، جس کے بعد فیصل چوہدری کو دربارہ لیگل ٹیم شامل کرلیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے فیصل چوہدری کو دوبارہ لیگل ٹیم میں شامل کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی پالیسی کے مطابق چلنے کی ہدایت کی
، اس کے علاوہ عمران خان نے فیصل چوہدری کے ذریعے ان کے بھائی اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ اور پارٹی کے خلاف بیان بازی سے باز رہنے کا بھی پیغام بھیج دیا۔قبل ازیں فواد چوہدری نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر اپنے کمرے سے نہیں نکلتا، آپ کے تمام کارکنان دھکے کھا رہے ہیں، وہ کمروں میں بیٹھے ہیں، سلمان اکرم راجہ 1970 کا جل لگا کر خود کو ڈان سمجھ رہے ہیں، سلمان اکرم راجہ کہہ رہے ہیں کارکنان گرفتار ہوں، لیڈرشپ تو گرفتار نہیں ہوسکتی، لوگوں پر پرچے ہو کر ان کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے، یہ سارے جل لگا کر کافی پی کر کہتے ہیں فلاں جگہ آجا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے سارے خاندان کا نام ای سی ایل پر ہے، ان سب کے مزے لگے ہوئے ہیں، ان کے پاس بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے، بچوں جیسے لوگوں کے ہاتھ میں پارٹی ہے، میں بشری بی بی اور علیمہ خان سے اپیل کرتا ہوں وہ سیاست میں آئیں، سیاست میں آ کر بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی حکمت عملی بنائیں۔