نارووال(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی و خصوصی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو خوف لاحق ہے کہ اگر ملک چل پڑا تو انکی سیاست گول ہو جائے گی۔تبدیلی سرکار نے چار سال میں مرکز اور پنجاب میں حکومتیں ہونے کے باوجود ایک اینٹ نہیں لگائی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدوملہی میں استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ گالیاں نکالنے والوں نے چار سال میں جو کیا وہ آپ کے سامنے ہے میں اپنے مخالفین سے یہ کہتا ہوں کہ آئیں ترقی میں ہمارا مقابلہ کریں، ہمیں دیکھنا ہو گا کہ ووٹ دینے کا کیا پیمانہ ہے ووٹ کارکردگی کا ہو گا یا جھوٹ اور بہتان کا، چار سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی کسی نے ایک اینٹ نہیں لگائی۔ نارووال کے بچے اور بچیاں میرے بچے اور بچیاں ہیں جو سینکڑوں کی تعداد میں علم حاصل کر رہے ہیں جو طاقت علم میں ہے وہ کسی میدان میں نہیں ہے مجھے یقین ہے کہ اگلے چند سالوں میں نارووال کے بچے اور بچیاں پاکستان کے ہر شعبہ میں لیڈ کر رہے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خاں نے سٹیج پر کھڑے ہو کر میرے خلاف نعرے لگوائے میں نے اللہ سے دعا کی اگر میں جھوٹا ہوں تو مجھے نیست و نابود کر دے اور اگر یہ جھوٹا ہے تو اسے نیست و نابود کر دے آج یہ جیل کی کال کوٹھری میںپڑا ہے۔ ترقی یہ نہیں کی آپ بیرون ملک طوفان بدتمیزی بھرپا کریں آپ کی اس حرکت کی وجہ سے بیرون ملک پاکستان کا نام بدنام کرنے کے علاوہ اور کچھ بھی حاصل نہیں،
احسن اقبال کا کہنا تھا کے اپنے ملک کی سیاست کو بیرون ملک چوکوں چوراہوں میں برے انداز میں پیش کرکے اپنے ملک کی بدنامی کا باعث بننا کہاں کی محب الوطنی ہے۔تبدیلی اسکا نام نہیں تبدیلی تعلیم،صحت،کاروبار کے موقع مہیا کرنا اور کھیلوں کے مواقع مہیا کرنا ہوتا ہے اس سال نارووال میڈیکل کالج کا آغاز ہونے جارھا ہے جس وجہ سے نارووال علم کی دنیا میں ایک اور قدم اٹھانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ہمارے تمام منصوبوں کو بلاوجہ التواء کا شکار کرکے ان منصوبوں کی لاگت کو بڑھایا گیا،اب قیمتوں میں اصافے کا یہ بل اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔جب مجھے انہوں نے جیل میں بھیجا تب ڈاکٹروں نے مجھے فیزیوتھراپی تجویز کی تھی مگر مجھے اس وقت قید کے دوران ایسی کوئی سہولت میسر نہیں آئی،اور نتیجے کے طور ہر آج میرا بازو ٹیڑھا رہ چکا ہے جو مجھے عمران خان کے سلوک کی یاد دلاتا رہے گا،احسن اقبال نے کہا کے ہم نے مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرکے اس وقت دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سنبھالا دیا جو نسبتا اس وقت مشکل لگتا تھا آج ہم نے اس ملک کو معاشی طور پر ایک بہتر ملک بنا دیا ہے آج انٹرنیشنل کانفرنسز کا اسلام آباد میں کامیاب انعقاد ہماری حکومت کی بہتر خارجہ پالیسی کی بابت ہے اور مجھے اللہ تعالٰی کی مدد پر یقین ہے کہ 2029 کو جب ہم دوبارہ الیکشن میں جائیں گے تب آپ دیکھیں گے کہ پاکستان کی ترقی کس قدر بہتر حالت میں ہو گی ۔