لاہور(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی بھی فارورڈ بلاک نہیں ، صرف بانی پی ٹی آئی کا بلاک ہے،نئے الیکشن کا مطالبہ بالکل ٹھیک اور جائز ہے۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ زین قریشی نے کوئی ووٹ نہیں دیا، ہمارے باقی ساتھیوں کو کمیٹی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں ، جیسے 26 ویں ترمیم منظور ہوئی وہ بھی غلط ہے، جس پارلیمنٹ نے ترمیم منظور کی وہ بھی غلط، جو آئینی کمیٹی بنائی گئی تھی اس کا کام ہی نہیں تھا کہ آئینی ترمیم پر کام کرے۔ یہ فارم 47 کی حکومت ہے، سینیٹ بھی مکمل نہیں، کے پی کی سیٹیں نہیں، خواتین کی سیٹوں پر الیکشن کمیشن نے ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا ہوا ہے۔عمر ایوب نے کہا ہے کہ آپ ٹریکٹر کو موٹروے پر لگا دیں یا موٹروے کی گاڑی کو کھیت میں، چاروں ٹائر دونوں کے ہوتے ہیں لیکن کام مختلف ہوتے ہیں،
مولانا فضل الرحمان بھی اپوزیشن کی پارٹی ہیں، ہم بھی اپوزیشن کی پارٹی ہیں، ہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ممبر ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں، ہمارا اور مولانا فضل الرحمان کا ٹریک ایک ہی ہے، یہ مصنوعی حکومت ملک کو نہیں چلا سکتی،ملک میں افرا تفری ہے اور بلوچستان کے حالات دیکھ لیں ،پنجاب میں کچے کے ڈاکوئوں کو یہ کنٹرول نہیں کرسکتے ، 450 ارب کا گندم سکینڈل محسن نقوی نے کیا، مہنگائی اور بیروزگاری کو دیکھنا ہے، حکومت کا کسی چیز پر کنٹرول نہیں، کرپشن عروج پر ہے، یہ مہنگائی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی بھی فارورڈ بلاک نہیں ،
صرف بانی پی ٹی آئی کا بلاک ہے، نئے الیکشن کا مطالبہ بالکل ٹھیک اور جائز ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ایک اچھی شخصیت کے مالک ہیں، وہ فرائض اچھے انداز میں ادا کریں گے، چیف جسٹس آف پاکستان قانون کے مطابق فیصلے کریں گے، ہمارے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ہیں، ہماری لیگل ٹیم فائنل ہے اور حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔