وفاقی وزیرِ خزانہ کی  ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے  ملاقات


واشنگٹن(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے ملاقات کی۔محمد اورنگزیب نے ایشین انفرا سٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر کو جی ٹی روڈ کی تعمیر نو کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ،جن لیکون نے   باہمی طور پر طے کردہ مناسب تاریخوں پر پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی ،ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے قرض پروگرام میں مدد کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے لئے بینک کی  فراہم کردہ مدد کا اعتراف کیاوزیر خزانہ نے 2022 کے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے بینک کی فراہم کردہ امداد کو سراہا۔سینیٹر اورنگزیب نے اپنے گزشتہ دورہ چین اور پیپلز بینک آف چائنہ کی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کا ذکر کیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے فنانسنگ بیس کو متنوع بنانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا،ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ساتھ پانڈا بانڈ کے اجرا کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا،بانڈ کے اجرا کے عمل میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی بطور اینکر شمولیت سے مارکیٹ میں بہت اچھا تاثر جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے اس حوالے سے ایک نو ڈِیل روڈ شو اور بعد ازاں ڈیل روڈ شو کے اہتمام کے آپشن پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان میں اے آئی آئی بی کے منصوبوں کے پورٹ فولیو کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ، ملک میں جاری منصوبوں کے لئے اے آئی آئی بی کی جانب سے مالی وسائل کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوششوں کی قابل اطمینان قرار دیا ہے ۔