خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، گورنر پنجاب


لاہور (صباح نیوز)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پوری قوم آج کشمیر پر ہندستان کے غیر قانونی قبضے کے 77 سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منا رہی ہے، ہندوستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا جائز مطالبہ کئی دہائیوں سے طاقت سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے جائز حق کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے، خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کرے۔