ساموا (صبا ح نیوز)نائب وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مستحکم عالمی مالیاتی ڈھانچہ کا خواہشمند ہے، پاکستان جمہوریت ، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر عمل پیرا ہے۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو دولت مشترکہ کے سربراہان مملکت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ عالمی سطح پر سیاسی نظام کی بہتری کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ پاکستان دولت مشترکہ کے پلیٹ فارم سے ترقی، خوشحالی اور امن وسلامتی کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا پابند ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ تنازعات کے حل کے حوالہ سے دولت مشترکہ کے کردار کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصنوعی ذہانت کے علم سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ایک مستحکم عالمی مالیاتی ڈھانچہ کا خواہاں ہے۔ محمد اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات، گڈ گورننس اور انصاف کی فراہمی کے حوالہ سے دولت مشترکہ کے کردار کے معترف ہیں۔ انہوں نے شاندار مہمان نوازی پر ساموا کی حکومت سے اظہار تشکر بھی کیا،علاو ہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے ساموا میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت (سی ایچ او جی ایم)کے اجلاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔اس موقع پر نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے دستیاب مواقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے باہمی مفادات کیلئے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تعلقات کی مشترکہ راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ ونسٹن پیٹرز نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کووسعت دینے ، تجارت و سرمایہ کاری ، تعلیم اور عوام سے عوام کے رابطوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مختلف اقدامات کی توثیق پر نیوزی لینڈ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ وراثت اور مشترکہ اخلاقیات کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور موثر کثیر الجہتی ، جمہوری اور انسانی عزت و وقار کو تقویت دینے میں مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔۔