پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق ِخود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا، آصف علی زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور د یا ہے کہ وہ بھارت پر دباو ڈالے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، اور اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق ِخود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا،صدر مملکت نے27 اکتوبر 2024  کشمیر یوم ِسیاہ ، کے موقع پر اپنے  پیغام میں کہاہے کہ27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے ۔ آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کے لیے فوج کشی کی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے  بھارتی غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں و کشمیرکے عوام بھارتی افواج کے وحشیانہ جبر کو برداشت کر رہے ہیں۔

گزشتہ برسوں میں بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک میں بدل دیا ہے۔ اب تک ہزاروں بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں ۔ کشمیریوں کی اصل قیادت پابند سلاسل ہے جبکہ مقامی میڈیا کو بڑے پیمانے پر سنسر کیا جاتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بارہا منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کی توثیق کر چکی ہے۔ اس کے باوجود ، بھارت ان قراردادوں کی خلاف ورزی اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ  5 اگست 2019 کے بعد ، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے  اس کے آبادیاتی اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کے اقدامات سے اپنے قبضے کو مزید مستحکم کیا ہے۔ یہ کارروائیاں کشمیریوں کی تحریک ِآزادی کو دبانے اور بھارتی قبضے کو مضبوط کرنے کی ایک وسیع حکمت ِعملی کا حصہ ہیں۔ان جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں۔

صدر نے کہاکہ  ہم بھارت کے جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ مشرق ِوسطی میں ہونے والی حالیہ پیش ِرفت اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو حل طلب نہیں رہنا چاہیے۔ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں  اور تنازعات کو نظر انداز کرنا دیرپا امن کی ضمانت نہیں۔ کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی جانب سے ان کا حق ِخودارادیت دلانے کی منتظر ہیں۔ دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی۔ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت پر دباو ڈالے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، کشمیریوں کی مشکلات کو کم کرے اور اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق ِخود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا