اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حالیہ اقدام پر شدید تشویش ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حالیہ اقدام پر شدید تشویش ہے،صیہونی ریاست کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے علاقائی امن واستحکام کو خطرہ ہے، یہ حملے خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، پاکستان امن کے حصول کے لئے ایران اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل سے کا م لیں۔