26ویں آئینی ترمیم میں سود کے خاتمے سے متعلق منظوری پوری قوم کیلئے باعث افتخار ہے،مولانا فضل الرحمن

فیصل آباد (صباح نیوز)جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ26ویں آئینی ترمیم میں سود کے خاتمے سے متعلق منظوری پوری قوم کے لیے باعث افتخار ہے، سودی نظام کے خاتمہ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا اور یہ اللہ کا نظام ہے جب ہم پی ڈی ایم کے اقتدار میں تھے اس وقت ڈرافٹ تیار ہوا اور ہم اب حزب اختلاف میں ہیں تو اللہ تعالیٰ نے ہم سے یہ خیر کاکام لیا اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں-وہ فیصل آباد میں مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی کی قیادت میں علما کونسل کے وفد سے گفتگو کررہے تھے-

زاہدمحمودقاسمی نے انہیں 26ویں آ ئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمہ اور سوسائٹی ایکٹ ترمیمی بل مدارسِ رجسٹریشن کی منظوری پرمباکباداورخراج تحسین پیش کیا- مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 27ویں ترمیم کی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے اور 26ویں میں پورانہ ہونے والا ٹارگٹ 27ویں پوراکرنے کی کوشش کی جائے گی مگراس پرہم بھرپور مزاحمت کریں گے-وفدمیں وائس چیئرمین پیرجی خالدمحمودقاسمی۔ مولاناابراہیم عبداللہ۔صاحبزادہ حسین احمدقاسمی۔مجیب دمبڑاورجے آ ئی فیصل آباد کے امیرمیاں عرفان شامل تھے۔