لاہو ر(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 27اکتوبر کو بھارتی فاشزم کی مذمت اور جموں و کشمیر پر ناجائز غاصبانہ قبضہ کے خلاف پورے ملک میں یوم سیاہ بنایا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین نے صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر کی صدارت میں قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں مسلسل بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ریاست کی مسلم شناخت کو تحلیل کرنے کی حکمت عملی پر شدید تشویش کا اظہار اور اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کے حصول کے لیے اہل کشمیر کی مبنی برحق جدوجہد اہل پاکستان بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔حکومت پاکستان بطور ایک فریق مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جرأت مندانہ پالیسی تشکیل دیتے ہوئے جدوجہد کے جملہ محاذوں پر تحریک کی تقویت کا اہتمام کرے۔
سفارتی محاذ پر جدوجہد تیز کرنے کے لیے ایک نائب وزیرخارجہ بطور فوکل پرسن تعینات کیا جائے اور بھارت سے تمام تعلقات کو مسئلہ کشمیر پر پیش رفت سے مشروط کیا جائے جب کہ حکمران یاد رکھیں کہ کشمیریوں کی نسل کشی پر سکوت اور بھارت سے دوستی کے حکومتی حلقوں کے رجحانات ناقابل قبول ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، اسرائیل ناجائز ریاست اور عالمی سازشوں کا صہیونی شاخسانہ ہے، 7اکتوبر 2023ء سے غزہ جو دنیا کی سب سے بڑی اوپن ائیر جیل ہے، اب اسے اسرائیل نے امریکا، برطانیہ اور بعض یورپی ممالک کی ایما پر غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی مقتل گاہ اور نسل کشی کا مرکز بنا دیا ہے۔ غزہ کے بعد لبنان پر بھی مسلسل بمباری اور انسانوں کا قتل عام بڑا المناک ہے۔ اقوام متحدہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں بالخصوص عالم اسلام کی قیادت کا کردار انسانیت سوز ہے، اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد حماس مجاہد یحییٰ سنوار کی شہادت اسرائیلی ظلم و جبر، دہشت گردی کا واضح دہشت گرد کردار ہے، جب تک اسرائیل کا ناجائز وجود قائم رہے گا، عالم اسلام اور پوری دنیا کا امن خطرے میں رہے گا، جمعہ 25اکتوبر کو ملک بھر کی مساجد میں خطاب جمعہ میں خطیب حضرات فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔