صدرِ مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (صباح نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دیدی ۔ایوانِ صدر کی جانب سے جاری  کئے  گئے اعلامیے کے مطابق صدر نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کے لئے  کی ہے۔

صدرِ مملکت نے جسٹس یحییٰ  آفریدی سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی۔آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے نیا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا تھا۔