اسلام آباد(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیری اور دودھ کی انڈسٹری کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ،بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فے اور بے جا ٹیکسز کی وجہ سے ملک کی کاروباری طبقے اور صنعت وتجارت کو بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، انھوں نے کہا سیاسی عدم استحکام اور بدامنی نے ملک کی معیشت کا پہیہ جام کر دیا ہے ، پاکستان کے دارلحکومت اسلام آبا میں خالص دودھ کا ملنا محال ہے ایسے میں خالص دودھ اور دہی شہریوں کو فراہم کرنا بڑی خد مت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی سیون ٹو میں جماعت اسلامی کے رہنماء رائو جاوید اختر کے کاروباری مر کز کا افتتاح کر تے ہو ئے کیا ، اس موقع پر مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاو سمیت سیاسی وکاروباری شخصیات بھی مو جو د تھیں ۔میاں محمد اسلم نے کہا پاکستان کو درپیش چیلنجز میں سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے جب تک ملک میں دیانتدار قیادت پر سر اقتدار نہیں آتی اور کر پشن کا خاتمہ نہ ہو ملکی معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا ، حکومت نے کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کی بجا ئے ان پر مہنگی بجلی اوربے جا ٹیکسز کے بم گرا دیے ہیں ، ایسے میں معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے کاروباری طبقہ اپنا سر مایہ ملک سے باہر منتقل کر رہا ہے ، انھوں نے کہا حکمران اپنی عیاشیاں اور کر پشن ختم کر کے عوام اور کاروباری طبقے کو سستی بجلی فراہم کر ے اور بے جا ٹیکسز ختم کر کے انھیں سہولتیں فراہم کر ے ،تاکہ ملک میں مہنگائی کو کم کیا جا سکے۔