اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے آئینی و قانونی معاملات کو مزید استحکام ملے گا۔پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اس اہم آئینی اصلاحات کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی کابینہ کے اراکین، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل رحمان اور تمام اتحادی جماعتوں کی کاوشوں کو سراہا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری جمہوریت کی کامیابی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا مقصد پارلیمنٹ کے وقار کو بحال کرنا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آئینی ترمیم سے آئینی و قانونی معاملات کو مزید استحکام ملے گا۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں نے آئینی بالادستی بنانے کیلئے مثبت کردار ادا کیا، عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کا اختیار منتخب نمائندوں کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم سے عام لوگوں کو بھی ریلیف ملے گا اور زیر التوا ہزاروں مقدمات کی سماعت کم سے کم وقت میں ممکن ہو سکے گی۔