این اے 133، جمشید اقبال چیمہ کی اپیل مسترد کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری


لاہور(صباح نیوز)لاہور میں الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے این اے 133 کیلئے تحریک انصاف کے امیدوارجمشید اقبال چیمہ کی اپیل مسترد کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

جسٹس شاہد جمیل خان نے12صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں درج ہے کہ درخواست گزار جمشید قبال چیمہ کی اپیل کو مسترد کیا جاتا ہے اورسپریم کورٹ ماضی میں جس قانون کے اصولوں کی تشریح کرچکی ہے ماتحت عدالتیں اس قانونی اصول کی مزید تشریح کرنے کی مجازنہیں ہیں۔

فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ تجویزکنندہ کی والدہ اور بھائی کا ووٹ این اے 133میں ہے اوردرخواست گزار بھی ان کے ساتھ اسی رہائش گاہ پر رہتا ہے۔اعتراض کنندہ کے وکیل نے بتایا کہ تجویزکنندہ کاووٹ این اے130میں ہے۔الیکشن ایکٹ2017کے مطابق تجویزکنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے ہونا لازمی ہے۔