اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ ملکی تعلیمی اور باہنر انسانی وسائل کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کمیونٹی کالجز کی ضرورت ہے،
صدر مملکت نمل یونیورسٹی ، اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ میں اظہارخیال کررہے تھے،ریکٹر نمل میجر جنرل(ر) محمد جعفر نے ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی ،بریفنگ کے دوران صدر کو بتایا گیا کہ طلبہ میں تنقیدی و تجزیاتی سوچ پیدا کرنے کیلئے تدریس کا تصوراتی نقطہ نظر متعارف کرا رہے ہیں ،یونیورسٹی میں اس وقت 22 ہزار طلبا مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں، آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زبان سیکھنے اور ترجمے کیلئے آئی ٹی ٹولز اور معیار ی تحقیق کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی صدرمملکت کو بریفنگ دی گئی،
صدر مملکت نے یونیورسٹی کے تحقیقی اقدامات ، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات کو بھی سراہا،انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ہنر مند افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے ،اعلی تعلیمی و تکنیکی اداروں کو انسانی وسائل ہنر مند بنانے پر توجہ دینا ہوگی ، صدر مملکت نے کہاکہ دنیا آن لائن تعلیم کی طرف بڑھ چکی ہے ،تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم کے فروغ کیلئے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کریں ، انہوں نے کہاکہ تعلیمی لاگت کم کرنے کیلئے آن لائن تعلیمی حجم ، ورچوئل کلاسز کی تعداد بڑھانا ہوگی ، یونیورسٹی انتظامیہ معدوم ہوتی زبانوں کے تحفظ اور بحالی کے لیے اقدامات کرے،