وفاقی کابینہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیدی

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیدی۔پارلیمنٹ ہاوس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ نے مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے ارکان کو آئینی ترمیم بارے بریف کیا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر مصدق ملک نے بتایا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے دیئے گئے مسودے کی منظوری دی گئی ہے،

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل اسلام آباد میں آئینی ترمیم کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستانی کی پارلیمانی کمیٹی کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مسودے کی شقوں پربریفنگ دی۔اعظم نذیر تارڑ کی بریفنگ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے ارکان کو آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔گزشتہ شب ہونے والے کابینہ اجلاس میں آئینی ترمیم کے بل پر غور کیا گیا تھا جس میں بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی دعوت پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات پر کابینہ کو بریفنگ دی تھی۔بعد ازاں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کابینہ کا اجلاس اتوارکو سہ پہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگا جس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔