اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور منگولیا کو تجارت، سرمایہ کاری، عوام سے عوامی و مواصلاتی روابط پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہئیں ۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے منگولیا کے وزیراعظم او یون اردین لویسنا ئی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگولیا کے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی احترام، خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے منگولیا کا دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و مواصلاتی روابط پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگولیا کے سول سرونٹس کو پاکستان کے تربیتی اداروں میں تربیت کی پیشکش کی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے 2025 کو پاکستان-منگولیا دوستی کا سال قرار دینے کی تجویز بھی پیش کی۔
منگولیا کے وزیرِ اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور ایس سی او سی ایچ جی چیئر کے طور پر پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ کوششوں اور تعاون کے ذریعے مضبوط اور قریبی دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماں نے تجارت، سیاحت، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے بین-الپارلیمانی یونین کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے موقع پر منگولیا کے وزیرِ اعظم او یون اردین لویسنا ئی نے وزیرِ اعظم ہاس میں پودا بھی لگایا ۔