سرینگر۔۔ بھارتی جیل میں قید کشمیری رہنما امیر حمزہ شاہ تحریک حریت جموں کشمیر کے نئے چیرمین منتخب ہو گئے ہیں۔امیر حمزہ شاہ ان دنوں بھارتی شہر آگرہ کی جیل میں قید ہیں تحریک حریت جموں کشمیر کے چیر مین محمد اشرف خان صحرائی شہید کی حراستی شہادت کے بعد امیر حمزہ قائمقام چیرمین کی حیثیت سے تنظیمی امور سرانجام دے رہے تھے۔
سری نگر میں تحریک حریت جموں کشمیر کے ایک اعلی سطحی اجلاس میں تحریک حریت کے مستقل چیرمین کی تعیناتی پر سیر حاصل بحث و تمحیص کے بعد امیرحمزہ شاہ کو تنظیم کے دستور کے مطابق چیرمین کے منصب کے لیے نامزد کیا گیا تو اجلاس میں شامل تمام افراد نے انہیں متفقہ طور تنظیم کا نیاچیرمین منتخب کیا۔ انہیں اگلی آئینی مدت تک ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ یاد رہے کہ بانڈی پورہ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے امیر حمزہ شاہ تنظیم کے اعلی مناصب پر شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے صدر ضلع بانڈی پورہ اوربارہمولہ کے علاوہ امیر صوبہ، جنرل سیکرٹری تحریک حریت اور قائمقام چیرمین تحریک حریت کی حیثیت سے بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اس تحریکی سفر کے دوران آپ مختلف اوقات پر بھارتی تعذیب خانو ں اور جیلوں کی زینت بنتے رہے۔ 5اگست2019کے بعد ستمبر 2021کو انہیں چند یوم کے لیے رہا کیا گیا، بعد ازاں انہیں فعال سرگرمیوں کی بنا پر پھر پابند سلاسل کردیا گیا اور آ ج کل وہ بھارتی شہر آ گرہ میں ایام اسیری کاٹ کررہے ہیں۔
غلام محمد صفی کنوینر تحریک حریت جموں کشمیر نے تنظیم کی اعلی قیادت کے اس فیصلے کو سراہا اور کہا کہ امیر حمزہ صحرائی شہید کے معتمد ساتھی ر ہے ہیں ۔وہ قید میں ہوں یا بظاہر آزاد اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا تحریک حریت انہیں اس امرکا یقین دلاتی ہے کہ وہ ان کی قیادت میں مقبوضہ خطے کی طرح آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں بھی کشمیر کاز کے لئے تندہی اور جانفشانی کے ساتھ کردار ادا کرتی رہے گی.