کراچی ایئرپورٹ  دھماکہ  دہشت گردوں نے غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے کیا،ابتدائی رپورٹ


کراچی (صباح نیوز)کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ میں بتایا کیا گیا ہے کہ یہ حملہ دہشت گردوں نے غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں کراچی ا یئرپورٹ سگنل کے قریب خودکش بم دھماکے سے متعلق ابتدائی اطلاعی رپورٹ سی ٹی ڈی کی جانب سے پیش کردی گئی، جس میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے کو پاکستان اور چائنہ کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی ملوث ہے۔ دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکہ کیا۔ نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کے قافلے کی گاڑیوں کے قریب لاکر دھماکہ کیا۔

عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا  کہ خودکش دھماکہ ایگزٹ سگنل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا۔ پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ پولیس، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے۔ دھماکے میں 2 چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

دھماکے میں وقار، الیاس، نعیم، عظیم، طارق، علی، حمزہ، صبیح سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی۔دہشت گردی کی کارروائی میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل، حملہ، دھماکا خیز مواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔