صدر مملکت آصف علی زرداری کی ترکمانستان قیادت سے ون آن ون ملاقاتیں

اشک آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے  دورہ اشک آباد کے دوران ترکمانستان کی قیادت سے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کی پیپلز کونسل کے چیئرمین گربنگولی بردی محمدوف سے ملاقات کی۔پاکستان اور ترکمانستان کے رہنمائوں نے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں کے رہنمائوں نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور دو طرفہ رابطہ مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مضبوط اور گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ اور خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری بین الاقوامی فورم وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق-امن اور ترقی کی بنیاد میں شرکت کیلئے ترکمانستان کے دورے پر ہیں۔ فورم 11 اکتوبر کو مخدوم گلی فراغی کی پیدائش کی 300 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا