چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

فیصل آباد(صباح نیوز)چئیرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے  فیصل آباد چیمبر آف کامرس کی دعوت پر  چیمبر کا دورہ کیا،  جہاں صدر چیمبر  فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم کے ہمراہ ممبران نے چئیرپرسن کو خوش آمدید کہا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دیگر اقدامات سمیت سکل ڈویلیپمنٹ کے ذریعے ملک کے پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے خوش آئند قرار دیا۔

چئیرپرسن روبینہ خالد نے چیمبر کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے شروع ہونے والا یہ پروگرام جس کی سرپرستی صدر پاکستان نے بھرپور انداز سے کی آج 93 لاکھ خاندانوں کو سپورٹ کر رہا ہے، اس پروگرام کی خاصیت یہ ہے کہ اس نے غریب عورت کو شناخت دی ہے ، یہ خاتون خانہ کو خاندان کی سربراہ گردانتا ہے، وہ اپنا شناختی کارڈ بنواتی ہیں ، بچوں کا بے فارم بنواتی ہیں، یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے،  بینظیر کفالت کے ساتھ بینظیر  تعلیمی وظائف اور بے نظیر نشونما پروگرام بھی جاری ہیں  اور اب ایک قدم آگے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی متعارف کرایا جارہاہے جس کے تحت مقامی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق  مستحق خواتین اور انکے بچوں کو مختلف سکلز( ہنر)  سکھائے جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ  دنیا بھر میں  میں سکلڈ لیبر ( ہنر مند افرادی قوت)  کی کافی مانگ ہے۔

انہوں نے کہا اس وقت جو خاندان کفالت پروگرام سے مستفید ہو ر ہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ان کا معیار زندگی بہتر ہو اور یہ ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں ۔  سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر پاکستان کے خصوصی ہدایات پر خواتین  کو باعزت اور شفاف  طریقے سے  رقوم کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے 6 بینکوں پر مشتمل پے منٹ ماڈل متعارف کرایا گیا، ادائیگی کے طریقہ کار کو  مزید بہتر  بنانے کے لئے بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کیساتھ مشاورت جاری ہے۔  سینیٹر روبینہ خالد نے مہمانوں کی کتاب میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے دورے کے حوالے سے تاثرات قلمبند کیے۔بعد ازاں، سینیٹر روبینہ خالد نے  چئیر مین بورڈ فیصل آباد گارمنٹس سٹی کمپنی ریحان نسیم کے ہمراہ گارمنٹس سٹی کا دودہ بھی کیا جہاں انہوں نے وہاں زیر تربیت  خواتین انٹرنیز سے گفتگو بھی کی