پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریل روابط بہتر بنانے کی ضرورت ہے، آصف علی زرداری

اشک آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری سے ترکیہ کی پارلیمنٹ کے سپیکر نعمان قرطولمس نے جمعہ کو یہاں ترکمانستان کے دورے کے دوران بین الاقوامی فورم وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد کے موقع پر ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریل روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون، عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے اور وفود کے تبادلوں پر زور دیا اور کہا کہ ترکیہ پاکستان اور مسلم دنیا کا عظیم اور مخلص دوست ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترکیہ مسلم امہ کو درپیش مسائل پر اصولی موقف اختیار کرتا اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتا آیا ہے۔ ملاقات میں فلسطین اور لبنان کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلم دنیا کی جانب سے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترکیہ ایک اقتصادی طاقت بننے کے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ترکیہ کی کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔۔