وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی صنعتی کارکنوں میں 81 شادی گرانٹس اور8 ڈیتھ گرانٹس کے چیکس تقسیم

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز وانسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد میں صنعتی کارکنوں میں شادی اور ڈیتھ گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کی صدارت کی۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ(ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے زیر اہتمام ہونے والی اس تقریب میں وزارت سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی)، بیورو آف امیگریشن، ڈائریکٹوریٹ آف ورکرز ایجوکیشن (ڈی ڈبلیو ای ) کے معززین نے شرکت کی۔ لیبر فیڈریشن، او جی ڈی سی ایل، اٹک آئل ریفائنری اورکنٹری ڈائریکٹر انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن پاکستان بھی موجود تھے۔

اس تقریب کا مقصد ملک کی معاشی ترقی میں صنعتی کارکنوں کی انمول شراکت کو تسلیم کرنا تھا۔ تقریب کے دوران وفاقی وزیر سالک حسین نے 81 شادی گرانٹس تقسیم کیں جن میں سے ہر ایک کی رقم 4 لاکھ روپے ہے اور 8 ڈیتھ گرانٹس جس کی ہر ایک کی رقم 8 لاکھ روپے ہے ،تقسیم کی گئی۔ ان گرانٹس کا مقصد زندگی کے اہم واقعات کے دوران کارکنوں اور ان کے خاندانوں پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے صنعتی کارکنوں کی لگن اور محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے مزدوروں کی بہبود کے لئے حکومت کی جاری وابستگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے گرانٹس زندگی کے نازک واقعات جیسے شادیوں اور ذاتی نقصان کے دوران خاندانوں کی مدد کے لئے اہم ہیں