لبنان میں پھنسے 70 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن پہنچ گئے

کراچی (صباح نیوز)لبنان میں پھنسے 70 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن پہنچ گئے۔لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کو لیکر آنے والی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا،غیر ملکی ایئر لائن کی خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لیکر وطن پہنچی، ایئرپورٹ پر لبنان سے آنے والے ہم وطنوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔لبنان سے وطن پہنچنے والے پاکستانیوں نے پاک سر زمین پر پہنچتے ہی سجدہ شکر ادا کیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی،صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو اور دیگر نے وطن آنے والوں کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

ورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، لبنان میں پھنسے باقی پاکستانیوں کو بھی جلد واپس لے آئیں گے،مشکل وقت میں حکومت پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہے، جو پاکستانی وہاں رہ گئے ہیں ان کی واپسی کیلئے انتظامات کئے ہوئے ہیں، جو پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں اس کے لئے حکومت انتظامات کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں کردار ادا کیا، شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آئے ہیں۔

گورنر سندھ   نے کہا  کہ لبنان کے شہریوں کے لئے بھی فکرمند ہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں، اسرائیل نے جنگ فلسطین سے لبنان تک پھیلا دی مگر دنیا خاموش ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف یک آواز ہوں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ رکے۔وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی مشکل مرحلہ ہے، وہاں پھنسے پاکستانیوں تک رسائی بھی مشکل مرحلہ تھا، حکومت اور اداروں نے بہترین انتظامات کئے ہیں، حکومت پاکستانیوں کی وطن واپسی کی ذمہ داری پوری کرے گی۔وزیر انڈسٹریز سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت نے بہترین کردار ادا کیا۔