اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تفصیلات جاری کر دیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھرمیں 12 کروڑ 11 لاکھ 99 ہزار 970 ووٹرز کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں 55 فیصد مرد اور 45 فیصد خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 65 لاکھ 6 ہزار 171 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 46 لاکھ سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ 6 کروڑ 90 لاکھ 93 ہزار 301، سندھ میں 2 کروڑ 55 لاکھ 82 ہزار اور خیبرپختونخوا میں 2 کروڑ 6 لاکھ 11 ہزار ہے۔اس کے علاوہ بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 50 لاکھ 47 ہزار جبکہ فیڈرل میں 9 لاکھ 93 ہزار ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں نوجوان ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔ 18 سال سے 25 سال تک کے ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 35 لاکھ 89 ہزار 510 ہے جبکہ 26 سے 35 سال کے ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 82 ہزار 157 ہے۔