شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوانوں کی نماز جنازہ پشاور گریژن میں ادا

 پشاور(صباح نیوز) شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوانوں کی نماز جنازہ پشاور گریژن میں ادا کردی گئی،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر ، سینیئر حاضر سروس فوجی اور سول حکام ،جوانوں اور شہدا کے عزیز و اقارب نے شرکت کی ،بعد میں شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر د ئیے گئے جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا،

ترجمان پاک فوج نے کہاکہ ہمارے شہدا کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم وحوصلے کو دوام بخشتی ہیں،واضح رہے آئی ایس پی آرکے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ جبکہ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان بھی شہید ہوگئے، شہید 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت کا تعلق فیصل آباد سے ہے ،لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے سوگواران میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے،30 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے ،لانس نائیک محمد اللہ شہید نے پاک فوج میں 13 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،لانس نائیک محمد اللہ شہید نے اہلیہ غمگسار چھوڑی،30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے ،

لانس نائیک اختر زمان شہید نے 10 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیا، لانس نائیک اختر زمان شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی،29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے ،لانس نائیک شاہد اللہ شہید نے 7 سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں، لانس نائیک شاہد اللہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی،31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی سے ہے ،لانس نائیک یوسف علی شہید نے 11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،لانس نائیک یوسف علی شہید نے غمگساروں میں اہلیہ چھوڑی26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے سپاہی جمیل احمد شہید نے پانچ سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں ،سپاہی جمیل احمد شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔